دنیا کا پہلا غیر دھاتی ٹریلر تیار، قیمت 45ہزار ڈالر
اوہائیو .....تفریحی گاڑیاں کیرون اور جیپ وغیرہ تیار کرنے کے حوالے سے مشہور جدت پسند کمپنی ایئر اسٹریم نے اب ٹریلر سازی میں ایک نئے باب کا اضافہ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایئر اسٹریم نے جو نیا ٹریلر تیار کیا ہے اس میں کوئی دھات استعمال نہیں کی گئی ہے۔ بیشتر کام فائبر گلاس کی مدد سے ہوا ہے اور اسے نیسٹ گلیمپر کا نام دیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ یہ کمپنی گزشتہ 90سال سے کام کررہی ہے مگر اتنے عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس نے عام روایات سے ہٹ کر کوئی چیزتیار کی ہے۔ واضح ہو کہ جس کمپنی نے بغیر دھات کا یہ ٹریلر تیار کیا ہے اسے ایئر اسٹریم والوں نے مارچ 2016ء میں خریدا تھا ۔ انگریزی حرف (یو) کی شکل سے مشابہ ٹریلر میں 6کھڑکیاں ہیں اور اسکی چھت پر شفاف پلاسٹک لگایا گیا ہے تاکہ آسمان کا نظارہ بھی اس میں رہتے ہوئے کیا جاسکے اور قدرتی روشنی بھی اندر پہنچے۔ ٹریلر ساخت کے اعتبار سے دو منزلہ ہے جن میں سے ایک کھانے پینے کا انتظام ہے اور دوسرے پر مستقل نوعیت کا ایک بیڈ لگا ہے۔ کمپنی نے اپنے اس نئے ٹریلر کو نئی اختراع کا نام دیا ہے او رکنج عافیت سے تعبیر کیا ہے۔ گزشتہ 90برسوں سے ایئر اسٹریم والے خاص قسم کے المونیم سے ٹریلر تیار کرتے رہے تھے اور اسے سلور بلٹ کا نام دیتے تھے۔ ایئر اسٹریم کے پریذیڈنٹ اور چیف ایگزیکٹیو باب ولر کا کہناہے کہ انکی یہ گاڑی دیرینہ روایات کی امین بھی ہے اور جدید تقاضوں کی جھلک بھی اس میں ملتی ہے اسلئے سیر و سیاحت کرنے والوں کیلئے یہ ایک بہترین گاڑی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسکا اصل ڈیزائن اوریگن کے رہنے والے مشہور آرٹسٹ رابن جوان نے تیار کیا تھا اور کافی دنوں تک اپنے گھر میں اس پر ردوبدل کرواتے رہے اور جب اطمینان ہوگیا تو اس پر کام شروع کروادیا۔