سڑک حادثے میں 7خواتین سمیت 10افراد ہلاک
گاندھی نگر ۔۔۔۔ گجرات کے کَچھ ضلع میں شکرا گاؤں کے قریب بس اور ٹریکٹر میں تصادم کے باعث ٹریکٹر میں سوار 7خواتین اور ایک بچہ سمیت 10افراد کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی بھچاؤ تھانہ کے سربراہ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور حادثے میں مرنے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجوائیں اور زخمیوں کو علاج کیلئے قریبی اسپتال میں داخل کرادیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹریکٹر میں سوار ایک ہی خاندان کے 25افراد شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ گاندھی نگر کمبھر شاہراہ پر ٹریکٹر سامنے سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا ۔ اس تصادم میں 10سالہ لڑکے سمیت9افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور 4شدید زخمی ہوگئے ۔ ان میں سے ایک کی حالت انتہائی نازک تھی جو اسپتال لے جاتے ہوئے راستے ہی میں دم توڑ گیا۔