Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضمیر فروشوں کو پارٹی سے نکالیں گے،عمران خان

مردان...چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے سارے لٹیرے اکٹھے ہوگئے اور اداروں پر حملہ کررہے ہیں۔قوم خوش ہے کہ ہماری عدلیہ نے طاقتور وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ ضمیر فروشوں کوتحریک انصاف میں نہیں رکھیں گے۔الیکشن ہارنا منظور ہے لیکن ضمیرفروشوں کوپی ٹی آئی میں نہیں رکھنا۔مردان میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی اور کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں۔وہ پرویزمشرف، زرداری اور نوازشریف سمیت سب کے ساتھ رہے ہیں۔جو بھی اقتدارمیں آتا ہے مولانا فضل الرحمان اس کے ساتھ فٹ ہوجاتے ہیں لیکن وہ میرے ساتھ فٹ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج کے گھر پرگولیاں چلائی گئیں۔قوم اپنی عدلیہ اور انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔ عدلیہ نے طاقتور وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی کے کچھ لوگوں نے ضمیر بیچا۔اب انہیں پارٹی سے نکالیں گے۔ ہمارے 14 یا 17 ایم پی ایز نے ضمیر بیچا، انہیں پارٹی سے نکالیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف3 مرتبہ وزیراعظم بنے ہیں اور4 مرتبہ نااہل ہوئے، پھر بھی پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ قبائلی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کا حل فاٹا اورپختونخوا کا انضمام ہے۔اگرفاٹا اور خیبرپختونخوا کا انضمام ہوا تو ہم فاٹا میں ترقیاتی کام کراسکیں گے۔فضل الرحمان اور اچکزئی نے پی ٹی آئی کے خوف سے فاٹا اور خیبرپختونخوا کا انضمام نہیں ہونے دیا۔ عمران خان نے کہا کہ 29تاریخ کو میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ یہاں سے کتنے لوگ جائیں گے۔مینار پاکستان پر29 تاریخ کا پاکستان کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ میں سب سے زیادہ پروٹوکول شوبازشریف ،ڈرامابازشریف کاہے اس کے ساتھ سب سے زیادہ گاڑیاں چلتی ہیں۔دوسرے نمبر پرسندھ ، تیسرے نمبر پربلوچستان اور چوتھے نمبر پرہمارا ملنگ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا پروٹوکول ہے۔کیونکہ ہم عیاشیاں نہیں کرتے۔چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی مجھے بتائے کہ ایک فیکٹری لگائی ہو؟ ایک نوکرلگوایا ہو؟ ۔ 
مزید پڑھیں:عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ ہیں،عمران خان

شیئر: