نواز شریف کی عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی کا ازخود نوٹس
اسلام آباد... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیر اعظم نوازشریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا ازخود نوٹس لے لیا۔لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان سمیت 16 ارکان اسمبلی کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر 15 دن کیلئے پابندی لگائی ہے۔ چیف جسٹس نے ہائیکورٹ کے فیصلے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام ریکارڈ ، اٹارنی جنرل اور چاروں ایڈووکیٹ جنرلز کو طلب کیا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کی۔ عدالت نے پمرا ،سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کو نوٹس جاری کر دئیے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس د ئیے کہ نواز شریف اور مریم نواز خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہوں۔ فریقین کی نمائندگی ضروری ہے۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف اور مریم نواز سمیت 16 اراکین اسمبلی کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے لئے 27 درخواستیں دائر ہیں۔ ہائیکورٹ نے نواز شریف اور مریم سمیت دیگر کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر عبوری پابندی لگاتے ہوئے پمرا کو 15 دن میں درخواستوں کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔