کسی کی زبان بند نہیں کر سکتے، نواز شریف
اسلام آباد... سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں غیر مہذب پابندیاں نہیں لگائی جاسکتیں۔ احتجاج سب کا حق ہے۔ سب کے یکساں حقوق ہیں۔ کسی کی زبان بند نہیں کرسکتے۔ یاد رکھیں جتنی مرضی زبان بندی کرلیں، جیت ہماری ہوگی۔ احتساب عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ زباں بندی، ٹی وی بندی اور اخبار بندی نہیں ہونی چاہیے۔ایسے فیصلے اب صرف پاکستان میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آئین، قانون اور ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتا رہا۔22 کروڑ عو ام کے حق کی بات کرتا رہا۔ بتایا جائے عدلیہ کے خلاف بات کرنے کا کیا مطلب ہے؟ انہو ں نے کہا کہ رائے ونڈ روڈ کو چوڑا کرنے پر نیب ریفرنس دائر کیا گیا تو موٹر وے بنانے اور ایٹمی دھماکہ کرنے پر بھی ریفرنس دائر ہونا چاہیے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں بہت بڑا انتشار دیکھ رہا ہوں ہم سب کو اس انتشار سے بچنا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ مجھے چھوڑ کر جانے والے میرے تھے ہی نہیں، دنیا بدل گئی ہے ہمیں بھی بدلنا ہوگا۔ پرانی غلطیاں نہیں دہرانا چاہئیں۔