مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے،خورشید شاہ
اسلام آباد...قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے۔ سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں ۔نگران وزیر اعظم کےلئے پی ٹی آئی کی جانب سے ناموں کے اعلان پر حیرت میں ہوں۔منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سے کہا 15 مئی تک نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنا چاہیے۔نگراں وزیراعظم کا فیصلہ میں نے اور وزیراعظم نے کرنا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماوں سے مشاورت جاری تھی۔تحریک انصاف کے نام میڈیا کے ذریعے مجھ تک پہنچ گئے۔اب ان سے ملاقات کا کیا فائدہ۔ایک سوال پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اظہار رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ جمہوریت اور آمریت میں پھر کیا فرق رہے گا ۔ اظہار رائے کو ریاست کےخلاف استعمال نہیں کرنا چاہیے ¾قانون بھی اس کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بھی ملک اور اداروں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہئیے۔پیپلزپارٹی نے کبھی ریاست یا اداروں کے خلاف بات کرنے کا نہیں سوچا اور نہ قانون اس کی اجازت دیتا ہے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو چیف ایگزیکٹیو کو طلب کرنے کا اختیار حاصل ہے۔