فیصل رضا عابدی کو پکڑ کرلایا جائے ،چیف جسٹس
اسلام آباد... سپریم کورٹ میں فیصل رضا عابدی کے عدلیہ مخالف بیان پر از خود نوٹس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے فیصل رضا عابدی کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کہاں ہیں فیصل رضا عابدی جنہوں نے ٹی وی پروگرام میں گالیاں نکالیں؟ متعلقہ تھانے کی پولیس پیش کرے، اگر وہ نہیں آتے تو پکڑ کر لایا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا یہ آزادی رائے ہے؟۔چینل انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ پروگرام نشر ہونا ہماری غلطی ہے جس پر معذرت کرچکے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی معافی قبول نہیں کررہے۔ اگر غلطی کی ہے تو توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔ عدالت نے نجی ٹی وی چینل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔