20ارکان اسمبلی نے ضمیر بیچا، پارٹی سے نکال دینگے،عمران
اسلام آباد ...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کے20ارکان اسمبلی نے اپنا ضمیر بیچا ۔انہیں پارٹی سے نکال رہے ہیں۔ شوکاز نوٹس جاری کردئیے۔وضاحت کا موقع دیں گے۔ شوکاز نوٹس کا جواب نہیں ملا تو نام نیب میں بھیجیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جس جس ارکان نے پیسے لئے ان کے نام نیب کو بھی دیں گے تاکہ بینک اکاو¿نٹس چیک کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ارکان اسمبلی کو شو کاز نوٹس دئیے جا رہے ہیں ان میں قربان علی،نسیم جاوید،زاہد درانی،یاسین خلیل،عبدالحق،فیصل زمان،نسیم حیات،عبیداللہ، سردار ادریس، زاہد اللہ ، عارف یوسف ، امجد آفریدی ،سمیع اللہ زئی ، معراج ہمایوں،وجیہ الزماں،بابر سلیم ،نگینہ خان،دینا ناز ،فوزیہ بی بی اور نرگس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹی کے افراد بھی بکے۔ ان کے نام بھی ہمارے پاس ہیں۔ ہم نے پہلا قدم اٹھایا دیگر جماعتوں میں اخلاقی جرات ہے کہ وہ ایکشن لیں۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں بکنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ضمیر فروشوں نے سینیٹ الیکشن میں بکنے کے لئے 4.4کروڑ روپے لئے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ارکان پر کوئی الزام نہیں انہیں پارٹی ٹکٹ جاری کریں گے۔ جن ارکان نے اپنا ووٹ نہیں بیچا وہ شاباشی کے مستحق ہیں۔20 ایم پی ایز کو پارٹی سے نکالنا برداشت کر سکتے ہیں مگر ضمیر فروشی نہیں۔الزامات کی پوری تحقیقات کی ہے۔