ملکی تاریخ کے سب سے مہنگے انتخابات کی تیاریاں
اسلام آباد... ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اور مہنگے ترین الیکشن آپریشن کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ 8 لاکھ سے زائد پولنگ اسٹاف کے ذریعے 10کروڑ سے زائد پاکستانی ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے نئی قیادت کا انتخاب کرینگے۔ الیکشن انتظامات پر20ارب رورپے خرچ ہونگے۔ 100ارب روپے کی لاگت سے 20کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز کی طباعت کے لئے کاغذ کی خریداری مکمل کرلی گئی ۔ جسے کڑی نگرانی میں پاک فوج کے ادارے نیشنل سیکیورٹی کمپنی کراچی سے پرنٹ کرایا جائے گا ۔ بیلٹ پیپر ز پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان اور پوسٹل کارپوریشن کے پرنٹنگ پریس سے بھی پرنٹ ہونگے ۔ بیلٹ پیپرز کی جعلسازی ناممکن ہوگی ۔ اس میں واٹر مارک اور خصوصی فیچرزرکھے گئے ہیں۔ جدید ترین اور مہنگی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے نئے انتخابات میں الیکڑانک ووٹنگ کو ناقابل عمل قرار دیا ہے۔ کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق ملک کی 60فیصد آباد ی ان پڑھ ہے جو الیکڑانک سسٹم کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ مزدور پیشہ اور زراعت کے سخت کام سے منسلک ہیں جن کے انگوٹھوں کے نشانات نادرا کا سسٹم ٹریس نہیں کرسکتا ۔