ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر الیکشن جیتیں گے،شاہد خاقان
لندن...وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن)انتخابات میں بھرپورحصہ لےگی ۔ الیکشن میں ووٹ کوعزت دو کے نعرے کے ساتھ الیکشن میں جائیں گے ۔ ن لیگ اسی نعرے سے انتخابات میں کامیابی بھی حاصل کرے گی۔کوئی بھی شخص ایسا نہیں ہوگا جو ووٹ کی حرمت کی مخالفت کرے۔لندن میں میڈ یاسے مختصر گفتگو میں وزیر اعظم نے کہاکہ نگران وزیراعظم کون ہوگاابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔ یہ معاملہ خورشیدشاہ کے ساتھ طے کریں گے۔ نواز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں پارٹی سے متعلق اور ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی ۔اس اجلاس میں اسحاق ڈار سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان سے آئے ہیں اور و ہیں واپس جائیں گے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری مشیر برائے خزانہ مفتاح اسمٰعیل کی ذمہ داری ہے جو اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ شاہد خاقان نے نواز شریف کو استثنیٰ نہ دینے کے عدالتی فیصلے پر موقف دینے سے گریز کیا۔