امن کے ثمرات مستحکم ہو رہے ہیں،فوجی ترجمان
میرانشاہ....شمالی وزیرستان میں تاجروں کے نقصان کے تخمینے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میرانشاہ میں ہونے والے جرگے میں ڈی جی آئی ایس پی آر ‘ فاٹا حکام اور تاجروں نے شرکت کی۔ جرگے میں آپریشن میں تاجروں کے ہونے والے ممکنہ نقصانات اور معاوضے کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ دکانداروں پر مشتمل کمیٹی معاوضے کے معاملات کا تخمینہ لگائے گی اور معاوضے سے متعلق فیصلے کے اطلاق کی نگرانی کرے گی۔ تاجر کمیٹی ہر ہفتے پیشرفت کا جائزہ لے گی۔ دریں اثناء ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کوئی مسئلہ ایسا نہیں جو بات چیت سے حل نہ ہوسکے۔قبائلیوں نے پاک فوج کے ساتھ مل کر قربانیاں دیں جس کے باعث آج امن قائم ہوچکا ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ پر جرگے کا انعقاد کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے کچھ مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔چاہتے ہیں ان مسائل کو ہفتوں یا مہینوں میں حل کریں۔ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل کریں گے۔ ان مسئلوں کو ملک دشمن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر مسائل بات چیت سے حل کریں گے یہی ہمارے اور ملک کیلئے بہتر ہے۔ مل کر ملک کو آگے لے جائیں گے۔ فوجی ترجمان نے کہا کہ ہمیں پرعزم رہنا ہوگا۔ مشکل وقت ختم اچھا وقت آنے والا ہے۔ امن کے ثمرات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔ مشکل اور کٹھن وقت کے بعد امن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں ثابت قدم رہنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشکلات اور امن ایک دوسرے سے جڑے ہیں۔ہماری تکالیف اور آسانیاں مشترک ہیں۔ پاکستان پائیدارامن کے حتمی منزل کے قریب ہے۔ امن ہماری منزل ہے۔