جدہ: عزیزیہ کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی
جدہ.... العزیزیہ محلے کی شاہراہ مولفین پر گزشتہ شب ایک رہائشی عمارت میں اچانک آگ لگ گئی۔ شہری دفاع کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق شہری دفاع کی کارروائی قابل ستائش تھی۔ آگ لگنے ابتدائی وجہ ائیرکنڈیشن میں شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے تا ہم مکمل تحقیقات کی جائے گی۔ رہائشی فلیٹ کے ڈرائننگ روم میں آگ لگنے کے باعث پہلے فلیٹ میں اور پھر پوری بلڈنگ میں بتدریج دھواں بھر گیا۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے قریب متاثرہ بلڈنگ میں موجود بچوں کو اپنی گود میں اٹھا اٹھا کر بلڈنگ سے باہر پہنچایا۔ انتہائی برق رفتاری سے آگ پر قابو پانے کے بعد متاثرہ فلیٹ کے علاوہ تمام بلڈنگ کو محفوظ قرار دیتے ہوئے بجلی بحال کر دی گئی۔ بلڈنگ کے رہائشی تمام پاکستانیوں نے شہری دفاع کے اہلکاروں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا اور ان کی شجاعت پر داد تحسین پیش کی۔ جائے حادثہ پر فوری طور پر مقامی پولیس کی گاڑیاں اور ایمبولینس بھی پہنچ گئی تھی ۔دھویں سے متاثرہ ایک بچے کو ایمبولینس میں فوری طور پر آکسیجن مہیا کر کے بخیریت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔