امسال 1.75لاکھ ہندوستانی عازمین کرینگے حج
ممبئی۔۔۔۔مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ امسال 1308خواتین بغیر محرم حج پر جائیں گی جو 4،4خواتین کے گروپ میں حج کی سعادت حاصل کرسکیں گی۔آئندہ سال سے بحری جہاز سے بھی عازمین حج کو ارض مقدس روانہ کرنے کا اہتمام کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حج سبسڈی ختم ہونے کے باوجود حج کا سفر سستا ہوگا۔ حج ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نقوی نے بتایا کہ امسال 1.75لاکھ ہندوستانی عازمین فریضہ حج ادا کرنے کیلئے ارض مقدس جائیں گے ان میں 48فیصد خواتین ہونگی۔خواتین کی دیکھ بھال کیلئے ہر طیارے میں خصوصی خواتین سیکیورٹی دستہ تعینات ہوگا۔اس مرتبہ سفر کیلئے حکومتی بجٹ سے 57کروڑ روپے ایئر لائنز کو دیئے جائیں گے۔امسال 3ایئر لائنز کو حجاج کیلئے مختص کیا گیا ہے ان میں سعودی ایئرلائنز ، ایئر انڈیا اور فائن ناز شامل ہیں۔واضح ہو کہ اس مرتبہ حجاج کرام پر 18فیصد جی ایس ٹی بھی نافذ کیا گیا۔ امسال سعودی حکومت کی جانب سے 5فیصد ویٹ ٹیکس نافذ کئے جانے کے باوجود سفر حج مہنگا نہیں ہوا۔