شناختی کارڈ فیس میں اضافے کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد
کراچی ...سندھ اسمبلی میں شناختی کارڈ کی فیس میں اضافے کے خلاف قرار داد منظور کرلی گئی۔ صوبائی مشیر شمیم ممتاز نے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر نشاندہی کی کہ نادرا نے شناختی کارڈ کی فیس میں سو فیصد اضافہ کردیا ۔ اسکی مذمت کرتے ہیں۔ اسپیکر نے انہیں کہا کہ اس معاملے پر قرار داد لائی جائے۔ بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان سے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والی رکن اسمبلی ہیر اسماعیل نے ایوان میں قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ قرار داد میں شناختی کارڈ کی فیسوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ فیسوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے واضح رہے کہ نادرا نے شناختی کارڈ کی فیسوں میں 100 فیصد اضافہ کیا ہے ۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ارجنٹ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی فیس 500 روپے سے بڑھا کر 1150 روپے۔ اسمارٹ کارڈ کی نارمل فیس 300 سے بڑھا کر 750 روپے اور ارجنٹ فیس 750 سے بڑھا کر 1500 روپے کردی گئی۔ اسمارٹ کارڈ کی تجدید کی فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ نارمل شناختی کارڈ کی فیس 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے ہوگی۔ ایگزیکٹو شناختی کارڈ اب 2500 روپے میں بنے گا۔ اس سے قبل1600 روپے فیس تھی۔