شناختی کارڈ کی فیس میں اضافے پرعوام میں غم و غصہ
کراچی (صلاح الدین حیدر )قومی شناختی کارڈ کی فیس میں اضافے پر عوام میں سخت غم وغصہ پیا جاتاہے ۔ قومی شناختی کارڈ ہرپاکستانی کی ضرورت ہے، ہر جگہ اس کا استعمال ہوتاہے۔ اسے مفت ہوناچاہیے ۔اردو نیوز نے کراچی اور دوسرے شہروں میں رہنے والے متعدد لوگوں سے رابطہ کیا ، سب کا ایک ہی ردعمل تھا کہ ایک ایسی چیز جو ہرجگہ کام آتی ہے، اسے مفت ہونا چاہیے ۔
لاہور کے ممتاز وکیل شہریار ملک نے ٹیلی فون پر رابطہ کرنے پر کہا کہ حکومت اس بات کا نوٹس لے اور فوری طور پر اس کو مفت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرے یا پھر زیادہ سے زیادہ اس کی فیس 100/150روپے کی جائے تاکہ عام آدمی اس سے استفادہ حاصل کرسکے ۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، خواجہ اظہار حسن نے کہاکہ ایم کیو ایم نے منگل کے روز سندھ اسمبلی میں پاس ہونے والی قرار داد کی بھرپورحمایت کی ہے جس میں نادرا کے فیصلے کی مذمت کی گئی ۔
ایم کیو ایم پی آئی بی کالونی کے لیڈر خالد مقبول صدیقی کا بھی یہی کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈ ہر آدمی کی اہم ضرورت ہے۔ قدم قدم پر اس کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔اس کی فیس میںاضافہ قابل مذمت ہے۔
خواجہ اظہار حسن نے کہا کہ دنیا بھر میں قومی شناختی کارڈ مفت بنایا جاتاہے پھر پاکستان میں ایسا ظلم کیوں۔صاحب ثروت کے لئے اس فیس کی کوئی وقعت نہیںلیکن غریب غرباء کے لئے یہ رقم ادا کرنا انتہائی مشکل ہے۔
اسلام آباد کے رہائشی غفور احمد نے فیصلے کی سخت مذمت کرتےہوئےکہا کہ یہ سراسر ظلم ہے۔شناختی کارڈ پاکستانی عوام کا بنیادی حق ہے، اتنی زیادہ فیس ظلم ہے ۔