روپے کی قدر مزید گر گئی
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
کراچی... اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر پھر مہنگا ہوگیا ۔روپے کی قدر مزید گر گئی۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر119.50روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم انٹر مارکیٹ میں ڈالر کی قدر115.62پیسے پر رہی ۔ ن لیگ کی موجودہ حکومت کے دور میں اب تک ڈالر کی قیمت میں21.50روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پیپلزپارٹی دور میں 38روپے اضافے کے ساتھ ڈالر98تک جا پہنچا تھا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی ا سکیم میں سخت پابندیوں کے باعث پراپرٹی مار کیٹ کے انویسٹرز نے کرنسی مارکیٹ کا رخ کر لیا جس کے باعث ڈالر کی طلب بڑھ گئی۔ حکومت اور اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں مزید کمی کا سخت نوٹس لیا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن نے اوپن مارکیٹ پر نظر رکھنے کے لئے مانیٹرنگ کمیٹیاں بنادیں۔ ڈالر کے نرخ کا تعین ڈیمانڈ وسپلائی کے مطابق کیا جائے گا۔ یومیہ بنیادوں پر صبح وشام 2 مرتبہ ڈالر کی نرخ متعین ہونگے ۔مقررہ قیمت پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کمیٹیاں اپنا کردار ادا کریں گی۔ اگر ایسوسی ایشن کا کوئی رکن اس کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر جرمانہ کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن نے جمعرات کی صبح ڈالر کی قیمت فروخت118.70روپے مقرر کی ہے۔ بتدریج ڈالر کو117روپے پر لایا جائے گا۔