Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور قصیم میں خوفناک آندھی، موسلادھار بارش ، ژالہ باری

 ریاض/بریدہ.... سعودی دارالحکومت ریاض اور بریدہ میں جمعرات کو خوفناک آندھی نے دن کو رات میں تبدیل کر دیا۔ موسلادھار بارش او رژالہ باری نے رہی سہی کمی پوری کردی۔ درخت ، دکانوں اور اداروں کے بورڈ گر گئے۔ ژالہ باری سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ اولوں پر گیند کا گمان ہو رہا تھا۔ بارش نے سیلاب کا ماحول پیدا کر دیا۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے اسمارٹ موبائل کے ذریعے آندھی اور ژالہ باری کے مناظر سوشل میڈیا پر ڈال کر سنسنی پھیلا دی۔ لوگ شدید تاریکی چھا جانے کے باعث گھروں میں قید ہو کر رہ گئے۔ 257گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ دسیوں گھروں میں پانی بھرگیا جبکہ جگہ جگہ پانی کھڑا ہوجانے کی شکایت بھی شہری دفاع کو موصول ہوئیں۔ گورنر قصیم ڈاکٹر فیصل بن مشعل متاثرہ مقامات کے دورے کیلئے نکل کھڑے ہوئے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے عہدیداروں کو جگہ جگہ منظر نامہ دیکھ کر اصلاح حال کی ہدایات جاری کیں۔ بعض مکانات میں پانی بھر جانے پر مکینوں کو وزارت خزانہ کے خرچ پر فرنشڈ اپارٹمنٹس منتقل کر دیا گیا۔ بہت ساری گاڑیاں گدلے پانی اور چکنی مٹی میں پھنس کر رہ گئیں۔ شہری دفاع کو مدد کیلئے 677 شکایات موصول ہوئیں۔ریاض کی سدیر اور الوشم سمیت شمالی ریاض کی تمام کمشنریوں میں طوفانی آندھی نے پورے ماحول کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا۔ قریب کے مناظر بھی اوجھل تھے۔ ریاض میں گردو غبار کے طوفان سے فلک شگاف عمارتیں بھی منظر سے غائب لگنے لگیں۔بعض مقامات پر موسلا دھار اور دیگر مقامات سے درمیانے درجے کی بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ریاض میں بھی تیز آندھی کے باعث درخت کثیر تعداد میں گر گئے۔ عسیر ریجن میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔ دیگر علاقوں سے درمیانے درجے کی بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔ تبوک شہر او راس کی کمشنریوں میں بھی جمعرات کو بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ طائف میں شدید گرد و غبار کے باعث حد نظر محدود ہو کر رہ گئی۔ پریس میں کاپی جانے تک 14سے زیادہ گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ شہری دفاع نے انٹرنیٹ ، ریڈیو او رٹی وی کے ذریعے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے بار بار اپیل کر کے انہیں گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ انتہائی ضرورت کے وقت ہی باہر نکلنے کی درخواست کی گئی۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق سانس کے سیکڑوں مریض گردو غبار سے متاثر ہونے کے باعث ریاض ، قصیم اور طائف میں اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ پہنچ گئے۔ مقامی حکام نے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کام شروع کر دیا۔

ویڈیو دیکھنے کیلئے کلک کریں
http://www.urdunews.com/video

شیئر: