اقتصادی شرح نمو 5.8 فیصد ،افراط زر کم ہوگیا
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
اسلام آباد.. وفاقی حکومت نے اقتصادی سروے جاری کر دیا رواں مالی سال کے دوران اقتصادی شرح نمو 5.8 فیصد رہی افراط زر کی شرح 3.8 فیصد تک کم ہو گئی۔ پیپلزپارٹی کے 5 سال دور اقتدار کے دوران افراط زر کی شرح 11.88 فیصد تھی۔ بجٹ خسارہ 8.2 فیصد سے 5.5 فیصد تک کم ہوگیا۔ ایف بی آر کے ٹیکس محصولات کی وصولی 3900 ارب روپے سے زائد رہی ہے جو جی ڈی پی کے 11 فیصد سے بڑھ جائے گی۔ جمعرات کو مشیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران اقتصادی جائزہ جاری کیا۔ اس موقع پر ہارون اختر اور رانا محمد افضل بھی موجود تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ5سال کے دوران پاکستان نے شاندار اقتصادی ترقی کی ہے۔ 5.8 فیصد کی شرح نمو حاصل کی جو زراعت ، صنعت اور خدمات کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کے تناظر میں گزشتہ 13 سال کے دوران سب سے زیادہ شرح ہے۔ حکومت نے بجلی کی کمی ، اقتصادی بحران اور دہشت گردی کے مسائل پر کامیابی سے قابو پالیا ۔ گزشتہ4 سال کے دوران قومی گرڈ میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی ۔ 2025 تک15ہزار میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کرنے کیلئے مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ایک ہزار750 کلومیٹر طویل موٹر ویز نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں سب سے بڑے بنیادی ڈھانچے والی معیشت بنادیا ۔