کراچی ... وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ نئے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت کراچی پیکج کے لئے 25 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر میں انہوں نے کہا کہ گرین لائن بس کراچی منصوبے کے لئے 8 ارب 80 کروڑ روپے مختص ہیں۔ سندھ حکومت کو گرین لائن منصوبے کیلئے بسیں خریدنے کی بھی پیش کش کی ہے ۔ سڑکوںاور پلوں کی تعمیرکے لئے 5 ارب، فائر بریگیڈ اور ایکسپو سینٹر کی توسیع کے لئے 8 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ گرین لائن پر 16 ارب خرچ ہوچکے۔ اگر سندھ حکومت کراچی کے لئے بجٹ نہیں دیتی تو وفاقی حکومت بجٹ دینے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کے فور منصوبے کا 45 فیصد وفاقی حکومت کی جانب سے دینے کا کہا گیا تھا۔ کراچی میں سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کے لئے پلانٹ تعمیر کیا جائے گا، 50 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔