سول سروسز امتحان میں 50 سے زائد مسلمان کامیاب
نئی دہلی۔۔۔۔۔۔یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے سول سروسز امتحان 2017 کے نتائج کا اعلان 27 اپریل کو کیا گیا جس میں ریاست تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے قصبہ کومٹ پلی کے انودیپ دریشیٹی نےپہلی،دوسری انو کماری اور تیسری پوزیشن سچن گپتانے حاصل کی۔ اس امتحان میں کامیاب ہونے والے کل 990 امیدواروں میں 50 سے زائد مسلم امیدوارکامیاب ہوئے جن میں سعد میاں خان کو 25واں مقام حاصل ہوا ہے۔ ٹاپ 100 کی فہرست میں 5 مسلم امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ سعد میاں خان کے بعد فضل الحسیب36ویں ، جمیل فاطمہ زیبا62ویں، حسین زہرہ رضوی82ویں اور آذر ضیا97ویں پوزیشن کے ساتھ 100 مسلم امیدواروں کی فہرست میں شامل ہوئے ۔
یو پی ایس سی امتحان کی تیاری کرانے والے زکوٰۃ فاؤنڈیشن سے اس مرتبہ 26 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ اس سلسلے میں فاؤنڈیشن آف انڈیا کے صدر ڈاکٹر ظفر محمود نے سبھی 26 امیدواروں کی فہرست وہاٹس ایپ پر شیئر کی ۔ اس دوران جامعہ ملیہ اسلامیہ ریزیڈنشیل کوچنگ سے بھی 25 امیدواروں کے یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی کی خبریں موصول ہو ئیں۔ جامعہ اسٹوڈنٹس فورم نے ان 25 امیدواروں کا نام جاری کرتے ہوئے سبھی کو مبارکباد دی۔قابل ذکر ہے کہ یو پی ایس سی کا یہ امتحان 18 جون 2017 کوجب کہ فائنل امتحان 28 اکتوبر 2017 سے 3 نومبر 2017 کے درمیان ہوا تھا۔ فروری 2018 میں امیدواروں کی شخصیت کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس امتحان کے ذریعہ ہندوستانی پولیس سروس، ہندوستانی خارجہ سروس اور دیگر مرکزی خدمات (گروپ اے اور گروپ بی) کے لئے افسروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ہر سال منعقد ہونے والے یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان میں 11 لاکھ سے زیادہ امیدوار امتحان میں بیٹھتے ہیں۔ امیدوار یو پی ایس سی کی ویب سائٹwww.upsc.gov.in پر جا کر اپنا رزلٹ دیکھ سکتے ہیں۔