نواز شریف کا چوہدری نثار سے ملاقات سے انکار
لاہور... سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس جاتی امراءمیں ہوا ۔ وزیراعظم شاہد خاقان سمیت وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،مریم نواز، سینیٹر پرویز رشید ،احسن اقبال ،خواجہ آصف ، سعد رفیق ، پرویز ملک سمیت دیگر سینئرلیگی رہنما شریک ہوئے ۔اجلاس میں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی متوقع طور پر پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اگر چوہدری نثار پارٹی چھوڑتے ہیں تو مسلم لیگ ن کو اس سے کیا نقصان ہوگا ۔چوہدری نثار کے ہمراہ کون سے اہم پارٹی لیڈر مسلم لیگ ن چھوڑ کر جاسکتے ہیں۔ ن لیگی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چوہدری نثار سے صلح کرنے کیلئے قائل کیا اور انہیں بتایا کہ اس وقت چوہدری نثار کا ن لیگ کو چھوڑ کر جانا پارٹی کیلئے نیک شگون نہیں۔ اس سے پارٹی کو نقصان ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چوہدری نثار سے ملاقات کیلئے بھی قائل کرنے کی کوشش کی لیکن سابق وزیراعظم نواز شریف نے چوہدری نثارسے ملاقات کرنے سے صاف انکار کر دیا ۔