جدہ کے پہلے تجارتی مرکز میں ہولناک آتشزدگی ،ایک شخص لاپتہ، 4جھلس گئے
جدہ.... مغربی جدہ میں الحمراء محلے کا حمادہ تجارتی مرکز آگ لگنے سے مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔مکہ گورنریٹ نے اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا ہے کہ مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر 80فیصد تک قابو پالیا گیا۔ تمام کارکنان کو بچالیا گیا۔ الوطن اخبار کے مطابق 4افراد معمولی طور پر جھلس گئے تھے۔ جائے وقوعہ پر مرہم پٹی کرکے انہیں فارغ کردیا گیا ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ مارکیٹ سے ایک شخص لاپتہ ہے۔ 9 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا مرکز نذر آتش ہوگیا۔ یہاں لگی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں کے بادل آسمان سے باتیں کررہے تھے۔ 19 سے زیادہ گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ آگ بجھانے کیلئے واٹر ٹینکرز بھی طلب کرلئے گئے۔ شہری دفاع کی ٹیموں نے سرتوڑ کوشش کرکے آگ کا دائرہ محدود کردیا اور اسے آس پاس واقع مکانات تک پھیلنے سے روک دیا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر مرکز کے اطراف واقع مکانات مکینوں سے خالی کرالئے گئے۔