Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ کشمیر خطے کے امن واستحکام کیلئے خطرہ ہے،تہمینہ جنجوعہ

اسلام آباد... کشمیر کی صورتحال پراو آئی سی کاہنگامی اجلاس پیر کو جدہ میں ہوا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ او آئی سی کے خصوصی نمائندہ برائے کشمیر عبد اللہ العالم نے اجلاس کی صدارت کی۔ آذربائیجان، ترکی، سعودی عرب اور نائیجر سے وفود شریک تھے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عبداللہ العالم نے جموں و کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت سمیت جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کے بارے میں او آئی سی کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ نے شرکاءکو ہندوستانی جارحیت، بےگناہ کشمیریوں کے خلاف بڑھتے ہوئے مظالم، 8 سالہ بچی آصفہ بانو سے زیادتی وقتل اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے تسلط اور جبر کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کشمیر ی عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 70 سالہ پرانے اس تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں:پاک و ہند کے ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ
 

شیئر: