ایس پی نے کی فائرنگ اور ڈی ایم نے گایاگانا،ایسا یارانہ؟
کٹیہار۔۔۔۔۔بہار کے ضلع کٹیہار کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) سدھارتھ موہن جین کا وڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں ایس پی سدھارتھ جین کھلے عام فائرنگ کررہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ کٹیہار کے ضلع افسر متھلیش مسرا بھی نظر آرہے ہیں۔ بہار حکومت کی جانب سے کئے گئے حالیہ افسران کے تبادلے میں کٹیہار کے ایس پی سدھارتھ موہن جین اور ڈی ایم متھلیش مسرا کے تبادلے پر جونیئر افسران اور انتظامیہ کے اہلکاروں نے کٹیہار کے ریلوے گالف میدان میں الوداعی تقریب منعقد کی جس میں کھل کر موج مستی کی۔تقریب میں ضلع انتظامیہ کے افسر متھلیش نے مائک پر فلم شعلے کا نغمہ ’’یہ دوستی ہم نہیں چھوڑیں گے ۔۔۔‘‘گایا۔تقریب میں موجود ایس پی سدھارتھ جین جذباتی ہوگئے اور ریلوالور نکال کر ایک کے بعد ایک 10راؤنڈ ہوا میں فائرکئے۔تقریب میں موجود ڈی ایم یا کسی اور دوسرے افسر نے روکنے کی جرأت نہیں کی تاہم اس سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ذرائع کے مطابق ایس پی جین کاعہدہ تبدیل کرکے محکمہ سی بی آئی دہلی بھیجنے کی کا رروائی شروع کردی گئی۔