عمران خان سے اتحاد ہو سکتا ہے ،زرداری
اسلام آباد...سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے ۔ضرورت پڑی تو الیکشن کے بعد عمران خان سے اتحاد ہوسکتا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ آج ملک میں کمزور ترین جمہوریت چل رہی ہے ایسی جمہوریت چل رہی ہے جو کسی بھی وقت ختم ہو سکتی ہے ۔ اس سے بڑا اور ملک کے لئے کیا سانحہ ہو سکتا ہے ۔عمران خان کیساتھ اتحاد کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں عمران خان کیساتھ اتحاد ہوا ۔ ضرورت ایجاد کی ماں ہے ۔ آئندہ الیکشن کے بعد بھی عمران خان سے اتحاد ہوسکتا ہے ۔ ضرورت کے تحت سینیٹ الیکشن میں ملے تھے ۔ آئندہ بھی اتحاد کرسکتے ہیںتاہم اس بارے میں فیصلہ آئندہ الیکشن کے بعد ہی کیا جائے گا ۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ مجھے وزیراعظم ہاوس بیٹھنے کوئی شوق نہیں ۔اپوزیشن میں بھی بیٹھ سکتے ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو خلائی مخلوق کے حوالے سے وضاحت کرنی چاہیے ۔ نوازشریف نے ماضی میں اسی خلائی مخلوق کے ساتھ ملکر چھانگا مانگا لگایا اور ہمارے کیخلاف عدالتوں میں گئے ۔عمران، زرداری بھائی بھائی کے سوال پر سابق صدر نے کہاکہ سیاست میں یہ سب چلتا رہتا ہے۔ یہ سیاسی ڈائیلاگ ہیں تاہم الیکشن وقت پر ہوں گے۔