بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے،بلاول
کوئٹہ ...پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا مسئلہ عمران خان اور عمران خان کا مسئلہ نواز شریف ہیں۔ دونوں کا مسئلہ اقتدار ہے۔چھوٹے صوبوں کو کالونی سمجھنے والوں کی بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے۔جنہوں نے کسی اپنے کو نہ کھویا ہو انہیں کیا پتا کہ اپنوں کو کھونے کا دردکیا ہوتاہے۔دہشتگردی کے خاتمے کے دعوے کئے جاتے ہیں مگر ہزارہ برداری کی لاشیں گرنے اور مسخ لاشوں کے ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔بلوچستان سے دہشتگردی ختم کرنی ہے تو سیاست کو فروغ دینا ہوگا۔یہی بلوچستان کے مسئلے کا مستقل حل ہے۔ جمعہ کو کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ میں مظلوم خاندان کا بےٹا ہوں۔ مجھے معلوم ہے جب کوئی اپنا جاتا ہے کو کلیجا کےسے پھٹتا ہے۔ہمیںشہیدوں کے نام پر سیاست کر نے کا طعنہ دیا جاتا ہے جس کا کوئی اپنا مرتا ہے اسے بھلایا نہیں جا سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا گیا۔ اپنوں کو قتل کیا گیا ۔سیکڑوںافراد کو لاپتہ کیا گیا ۔ دعوی کیا جاتاہے کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوگیا ۔کیا یہ دہشتگردی کا خاتمہ ہے کہ ہزارہ برادری کے افراد مر رہے ہیں ۔خضدار اور مستونگ سے مسخلاشیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ،خیبر پختونخوا ،جنوبی پنجاب کو دیوار سے لگا کر سیاست کا میدان صرف وسطی پنجاب کو بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔یہ پیپلز پارٹی نہیں ہونے دیگی ۔انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت تھی جس نے بلوچستان کے مسائل حل کرنے کو ہمیشہ ترجیح دی۔ اگر عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو منتخب کیا تو وعدہ کرتاہوں کہ سی پیک کے وہ فوائد بلوچستان کے عوام کا حق ہے وہ آپ کو ملیں گے۔آپکے وسائل پر دوسرے کے محل تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔