اب بھی نواز شریف کے ساتھ ہوں،چوہدری نثار
اسلام آباد ...سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق کے حوالے سے شکوک وشبہات دور کئے جائیں۔ شاہد خاقان کے بیان پر افسوس ہوا۔ اب بھی نواز شریف کے ساتھ ہوں ۔کسی آزاد گروپ کا حصہ نہیں۔ نواز شریف کی نااہلی کے وقت40 سے 50ایم این ایز ناراض تھے۔ اس وقت انہیں سنبھالا۔ پارٹی کے ہر اس اجلاس میں شرکت کی جس میں مدعو کیا گیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ غلط فہمیاں دور کر لی جائیں۔پوری زندگی کسی کی جوتیاں اٹھائیں نہ سیدھی کیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی کیریئر کے دوران بڑے بڑے امتحان آئے لیکن میں ثابت قدم رہا ۔مسلم لیگ (ن) کو نہیں چھوڑا ۔اس وقت بھی پارٹی چھوڑی اور نہ چھوڑنے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں نواز شریف کو پارلیمنٹ نہ جانے کا مشورہ دیا تھا ۔جب نواز شریف نے تقریر کا فیصلہ کیا تو واحد شخص تھا۔ جس نے کہا تھا کہ تقریر نہ کریں۔انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن کے حوالے سے شدید اختلافات تھے۔پھر بھی 4 ایسے امیدواروں کو ووٹ دیا جو جنرل پرویز مشرف کے ساتھی تھے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی شمولیت کی دعوت کا شکریہ لیکن اس وقت مسلم لیگ (ن) کا ہی حصہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو کس طرف لے کر جانا ہے وہ پارٹی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ اس وقت پاکستان کے لئے مشکل ترین حالات ہیں۔ یہاں کسی کو احساس نہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ حالات کو سدھارنے کی ذمہ داری نواز شریف پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف روز نئی کہانی بنائی گئی۔ نواز شریف مشکل میں ہیں۔ خوشامدیوں کے جھرمٹ میں فیصلے نہ کریں ۔ سیاست دنگل نہیں راستہ نکالنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازشی آدمی نہیں ہوں ۔مجھے بتایا جائے کہاں ساز ش کی۔ جب بھی پارٹی کو ضرورت ہوئی ساتھ کھڑا رہا ۔ کس جگہ پارٹی سے بے وفائی کی۔ ان کی بھی ذمہ داری ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔