Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفارت خانہ پاکستان ریاض میں میوزیکل نائٹ

 ارشد محمود نے اپنی آواز کا جادو جگایا، حریم فاروق ،فلم ڈائریکٹرو پروڈیوسر عارف لاکھانی اور عمران رضا کاظمی بھی شریک ہوئے
ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
     سفارت خانہ پاکستان میں میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں گلوکار ارشد محمود نے اپنی آواز کا جادو جگایاجبکہ شو میں فلمی ایکٹریس ڈریم گرل حریم فاروق ،فلم ڈائریکٹرو پروڈیوسر عارف لاکھانی اور عمران رضا کاظمی بھی شریک ہوئے۔سفارت خانہ پاکستان کے ہال میں منعقدہ میوزیکل نائٹ کو دیکھنے کیلئے پاکستانی مردو خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کے افسران نے بھی بھرپور شرکت کی۔
    اسٹیج پر ڈریم گرل حریم فاروق کو بلایا گیا تو ان کے مداحوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور تالیاں بجا کر ان کو خیر مقدم کہا جس پر حریم فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں آنا ان کا یادگار سفر بن گیا ہے کیونکہ یہاں پاکستانی کمیونٹی نے جس طرح محبت اور پیار کے ساتھ خلوص بخشا ہے، وہ اس کو کبھی بھلا نہیں پائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری اب اچھی اور معیاری فلمیں بنا رہی ہے۔ اس میں ٹیلنٹیڈ ڈائریکٹر نے کام کرنا شروع کیا ہے جو اچھے موضوعات پر فلمیں بنا رہے ہیں۔
    عمران رضا کاظمی کا کہنا تھا کہ وہ دوسری بار سعودی عرب آئے ہیں۔پہلے کی طرح ہی لوگوں کی جانب سے سراہے جانا ہماری کامیابی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے پرچی مووی کو دیکھا اور ہماری کاوش کو سراہا اور ہمیں ڈائریکٹ کمیونٹی سے مووی کے بارے میں رائے لینے کا موقع میسر آیا جس کے حوصلہ افزاء نتائج ملے ہیں۔ آپ جلد دیکھیں گے کہ پاکستانی سنیما کے پردے پر اچھی فلمیں زینت بنیں گی۔
    قائم مقام سفیر سردار محمد خٹک نے گلوکار ارشد ،حریم فاروق اور دیگر کو خوبصورت انداز میں خوش آمدید کیا اور کہا کہ پاکستان کے اندر گلوکار اور فنکار جس طرح کام کر رہے ہیں اور انکا کام فلم اور ٹی وی ڈراموں کے ذریعے پوری دنیا میں پھیل رہا ہے اُس سے ملک کا نام روشن ہو رہا ہے۔ فلم انڈسٹری میں جدت آنے سے معیار اور اداکاروں کی پرفارمنس میں بھی اضافہ ہوا ہے۔پاکستان دنیا بھر میں اپنے فنکاروں کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ارشد محمود نے ہمیشہ ہی اپنی آواز کے ذریعے لوگوں کو محظوظ کیا۔ سردار خٹک نے ارشد محمود کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا۔
    گلوکار ارشد محمود نے اپنے معروف گانے ’’دیکھا جو چہرہ تیرا موسم بھی پیارا لگا‘‘ ،’’ شام کا اک پہر میرے نام کرو ‘‘اور دیگر گانے گا کر حاضرین کو خوب محظوظ کیا ۔منچلے افراد نے گانوں پر خوب ڈانس بھی کیا ۔
    تقریب میں فرسٹ سیکریٹری شاہد اقبال نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے اور فنکاروں کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں:- - - -کویت میں عدنان سمیع کے ساتھ ایک شام

شیئر: