چیئرمین نیب کو ایوان میں طلب کیا جائے،شاہد خاقان
اسلام آباد... وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف پر دشمن ملک پر پیسہ بھیجنے کا الزام سنجیدہ معاملہ ہے۔ ایوان چیئرمین نیب کو طلب کرے اور ان سے پوچھا جائے کہ دشمن ملک پیسے بھیجنے کا بے بنیاد بیان کیوں جاری کیا؟۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر نیب کی عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں۔ ان کی ہفتے میں 6 پیشیاں ہورہی ہیں۔ اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوںنے کہا کہ ملک کا بجٹ 35 ارب ڈالر ہے۔ نیب سربراہ کہتے ہیں نوازشریف نے 4 اعشاریہ 9 ارب ڈالر ہند بھیجے ۔سابق وزیراعظم پرسنگین الزام لگایا گیا ہے۔ اگر ادارے یا اس کے سربراہ اس قسم کے کام کریں تو ملک نہیں چل سکے گا۔ اس قسم کی سوچ رکھنے والے ادارے اور چیئرمین ہوں گے تو نیب کیسے چلے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پر دشمن ملک پر پیسہ بھیجنے کا الزام سنجیدہ معاملہ ہے۔موجودہ حالات میں اس طرح کے الزامات قبل از انتخابات دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔ نیب ایوان کوبتائے اس کے پاس کیا ثبوت ہیں۔خصوصی کمیٹی بنا کر چیئرمین نیب کو طلب کیا جا ئے اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نیب میں انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا ۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ نہ صرف انصاف ہو بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے ،میں ابھی 3 ہفتے باقی ہیں۔ احتساب قانون میں ترمیم کرنے کو تیار ہیں۔