عالمی طاقتیں ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی راہ نکالیں،پاکستان
اسلام آباد....پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ایران کیساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کے اعلان پر ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی اقدام سے دنیا کا مذاکراتی عمل اور سفارت کاری پر اعتماد کمزور ہو گا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ امر یکہ جانب سے ایران کیساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کے اقدام سے دنیا کا سفارتکاری اور مذاکراتی عمل سے اعتماد اٹھ جائے گا ۔ معاہدے سے امریکی علیحدگی کے باوجود دیگر فریق معاہدے پر کاربندرہنے کے لئے رضا مند ہیں۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کا سب نے خیرم مقدم کیا تھا ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے بھی ایران کی جانب سے جوہری معاہدے پرعملدرآمد کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان امید کرتا ہے کہ ایران اورعالمی طاقتیں جوہری معاہدے پر عملدرآمد کی کوئی راہ نکال لیں گی ۔