فیصلے کا وقت آگیا،نواز شریف
اسلام آباد...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان کی جانب سے چیئرمین نیب کو پارلیمان میں طلب کرنے کی بات خوش آئند ہے۔ نیب بہت سے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے۔ اب فیصلے کا وقت ہے کہ آمروں کے قوانین جتنی جلدی ختم کر دیں ملک کے لئے بہتر ہوگا۔ احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نیب کیسز میں کچھ ہوتا تو پہلے 10 دن میں سامنے آجاتا ۔ہمارے خلاف ٹرائل کی مدت میں تب تک توسیع ہوتی رہے گی جب تک کوئی ثبوت نہیں گڑ لئے جاتے ۔ ایک سوال پرنواز شریف نے کہا کہ گوجرانوالہ کے رانا نذیر کے بیٹے نے پارٹی صدارت پر مجھے ووٹ نہیں دیا تھا۔ میں نے بھی سنا ہے کہ رانا نذیر تحریک انصاف میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی محاذ کے جو لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے انہیں کوئی جانتا تک نہیں۔ گزشتہ 5 سال میں خسرو بختیار نے جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے مجھ سے کوئی بات نہیں کی تھی۔جو لوگ شامل ہوئے وہ تحریک انصاف کے ساتھ اور عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شخصیت کا دہرا معیار واضح ہے وہ جو بات جہاں اپنے حق میں لگے وہ کرتے ہیں۔عمران خان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔