بہادر سارس فیملی بچانے کیلئے مگر مچھ کی راہ میں رکاوٹ بن گیا
فلوریڈا .....مقامی گالف کورس میدان میں ایک عجیب و غریب منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک قوی الجثہ سارس اپنی فیملی کی حفاظت کیلئے ایک مگر مچھ کے آگے دیوار بن کر کھڑا ہوگیا۔ موقع کی وڈیو کسی گالف کھلاڑی نے اتاری اور جاری کردی۔جسے کچھ دیر میں 30لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا اور حیرت ومسرت کا اظہار کیا۔ایرک ڈریکسلر نے کہا کہ یہ سارس اپنے کنبے کی حفاظت کیلئے اتنا پرعزم تھا کہ اس نے نہ صرف میدان سے گزرنے والے مگر مچھ کا راستہ روکا بلکہ اس وقت تک اسے رگیدتا رہا جب تک مگر مچھ میدان سے باہر نہیں نکل گیا۔ وڈیو دیکھ کر تبصرہ کرنے والوں نے حیرت ظاہر کی ہے کہ اس پورے واقعہ میں مگر مچھ جیسے سفاک جانور نے پرندے پر حملہ نہیں کیا اور پرسکون رہنے کو ترجیح دی۔ یہ سارس نر تھا او رریتیلے پہاڑی علاقوں میں پائے جانے کی وجہ سے اسے سینڈ ہل کہا جاتا ہے۔