امسال شعبان 30دن کا ہوگا، یکم رمضان جمعرات کو ہوگی، ماہر
ریاض..... فلکی علوم کے ماہر ملھم بن محمد ہندی نے کہا ہے کہ امسال شعبان 30دن کا ہوگا جبکہ رمضان المبارک 29پر اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ فلکی مشاہدے سے معلوم ہوا ہے کہ منگل 29شعبان کو رمضان کا چاند دوپہر 2بجکر 48منٹ پر پیدا ہوگا جبکہ شام ہونے سے قبل وہ غروب ہوجائیگا اسلئے منگل کو رمضان کا چاند مجرد آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس طرح سعودی عرب سمیت قرب و جوار کے ممالک میں رمضان المبارک جمعرات کو ہوگا۔اعدادوشمار کے مطابق رویت ہلال کی 3شرائط ہیں۔ کسی ایک شرط کی عدم موجودگی پر مجرد آنکھ سے چاند کا نظر آنا ممکن نہیں۔ پہلی شرط یہ ہے کہ ہلال غروب سے پہلے پیدا ہو۔ دوسری شرط یہ ہے کہ غروب کے بعد بھی موجود رہے اور تیسری شرط یہ ہے کہ چاند کی عمر کم سے کم ایک گھنٹہ ہو۔ منگل 29شعبان کو پہلی شرط پوری ہوجائیگی جبکہ باقی دو شرائط مفقود ہونگی۔ اعدادوشمار کے مطابق مشرقی ریجن میں ہلال ،سورج غروب ہونے سے 3منٹ پہلے ڈوب جائیگا۔ اسی طرح مشرقی ریجن میں ایک منٹ پہلے ہلال غروب ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صرف مغربی ریجن ایسا ہے جہاں ہلال، سورج غروب ہونے کے 3منٹ تک افق میں موجود رہیگا جبکہ یہ وقت ہلال کے مشاہدے کیلئے کافی نہیں۔