ڈے کیئر ٹیچر 4سالہ بچے کو ’’سبق‘‘ سکھادیا
آرکنساس.... درس و تدریس کا کام بڑا تحمل چاہتا ہے۔ اسی وجہ سے جو لوگ ٹیچنگ کرتے ہیں وہ بالعموم متین اور متحمل مزاج ہوتے ہیں مگر یہاں کے ایک ڈے کیئر سینٹر میں بچوں کو پڑھانے پر مامور ایک لیڈی ٹیچر کچھ اور ہی رنگ میں نظرآئی۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ٹیچر انتہائی بے حس اور چڑچڑی تھی اور اسے اپنے غصے اور احساسات پر قابو پانا بالکل نہیں آتاتھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اس نے ایک 4سالہ بچے کو جو کوئی شرارت کرتا ہوا پکڑا گیا تھا سزا دینے کا انوکھا طریقہ نکالا او راس کے ہم جماعت بچوں کو جمع کرکے انہیں شرارت کرنے والے 4سالہ بچے پر پتھراؤ کرنے کیلئے کہا۔ یہ ہولناک وڈیو 26اپریل کو تیار کی گئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ 4سالہ بچہ کلاس میں شرارت کررہا تھا۔ وڈیو میں یہ بھی نظرآتا ہے کہ بچے کو جیسے ہی کوئی پتھر لگتا وہ چیختا تو اس کے دوسرے ساتھی ہنستے اور اس ہنسی میں اس بے حس ٹیچر کی ہنسی بھی شامل ہوتی۔ عجیب و غریب وڈیو فوکس 13ٹی وی پر جاری ہوئی ہے۔ سینٹر کے دوسرے ٹیچر کا کہناہے کہ اس نے اپنی آنکھوں سے یہ ہولناک منظر دیکھا اور اسکی خواہش ہے کہ ٹیچر کے خلاف کارروائی ہو۔