پاکستان سے تعلقات جلد بہتر ہو جائینگے،امریکی سفارتخانہ
اسلام آباد ...پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو واپسی سے روکنے کے باوجود پرامید ہیں کہ پاک ،امریکہ تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔ دونوں ممالک کے مابین بات چیت جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان اہم عہدیداروں کے مابین رابطے جاری ہیں۔ کرنل جوزف کو ویانا کنونشن کے تحت استثنیٰ حاصل ہے۔ اسے پاکستانی قوانین کے تحت سزا نہیں دی جاسکتی۔ امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں پر سفری پابندیوں سے متعلق ترجمان نے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس معاملے میں دونوں حکومتوںکے نمائندوں کے مابین بات چیت جاری ہے۔قبل ازوقت کچھ نہیں کہہ سکتے۔ البتہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کی جانب سے کیا گیا ہے۔ کرنل جوزف کے معا ملے سے دوطرفہ سفارتی تعلقات سے کوئی فرق نہیں پڑا۔