ممبئی ..... بالی وڈ اداکار شاہد کپور کے چھوٹے بھائی ایشان کتھار بھی بالی وڈ میں قدم رکھنے والے ہیں۔ جب شاہد سے پوچھا گیا کہ آیا انکے بالی وڈ میں آنے پر آپ خوش ہیں، پریشان ہیں یا پرجوش ہیں تو انکا کہناتھا کہ یہ سارے احساسات ہی مجھ میں پائے جاتے ہیں۔ اگرچہ ابھی تک باقاعدہ طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ ایشان کی پہلی فلم کونسی ہوگی تاہم افواہیں ہیں کہ انہوں نے ایرانی فلمساز ماجد مجیدی کی ایک فلم سائن کرلی ہے۔ بعد میں یہ بھی قیاس آرائیاں کی گئیں کہ 21سالہ ایشان ہالی وڈ کے ہندی ری میک میں کام کرینگے اورسیف علیخان کی بیٹی سارہ انکی ہیروئن ہونگی۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ مراٹھی کی کامیاب فلم کے ہندی ریمیک میں سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کے ساتھ ہونگے۔ شاہد نے کہا کہ میں 13سال سے فلمی دنیا میں ہوں میں نے اداکاری شروع کی تھی تو اس وقت ایشان کی عمر صرف 9سال تھی۔ اس نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ میرے ساتھ شوٹنگ اور شوز میں گزارا ہے اس لئے اسے سارے عمل کا علم ہے۔ مجھے تو فلمی دنیا کو سمجھنے میں 5سے 6سال کا عرصہ لگا تھا لیکن مجھے یقین ہے کہ ایشان نے میرے ساتھ رہ کر بہت کچھ دیکھ اور سیکھ لیا ہے۔ اسلئے مجھے اعتماد ہے کہ وہ اچھی اداکاری کریگا۔