Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ،عمران

اسلام آباد... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان پر ہند میں خوشیاں منائی گئیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا اور آرٹیکل6کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔آج نواز شریف کو این آر او مل جائے تو فوج اور عدلیہ اچھی ہوجائے گی۔ وزیراعظم سے مطالبہ کرتا ہوں وہ اسمبلی میں آئیں اور وضاحت کریں۔پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہند نے ہمیشہ پاکستان پر الزام عائد کیا ۔ پاکستان کے خلاف جاری اس کھیل کو سمجھنا ہوگا۔ ہندوستانی اور اسرائیلی لابی نے مل کر پاکستان کے خلاف مشترکہ بیانیہ اپنایا کیونکہ اسرائیلی لابی کی ہند کو حمایت حاصل ہے۔ ہندوستانی لابی نوازشریف کے اس بیان کو آگے لے کر جائے گی تو ہم بلیک لسٹ میں جاسکتے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف نے پہلے ہی پاکستان کو گرے میں ڈالا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہند پاکستان کو تنہا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔سب کو سمجھنا چاہیے کہ یہ گیم کیوں بنایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہند بڑی تیزی سے طاقت کے ساتھ اپنا موقف دنیا میں پھیلارہا ہے۔ نوازشریف بھی ہند کی زبان بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے بعد بات کرناضروری ہے۔ نواز شریف نے اپنی حکومت کے 5 برسوں میںاس کی تحقیقات کیوں نہیں کرائی؟انہوں نے سوال کیا کہ اس کی تحقیقات کرنے سے اگر کوئی آپ کو روک رہا تھا تو آپ نے کیوں نہیں بتایا۔وزارتِ عظمی کے عہدے سے استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور ان کا ٹولہ اپنی ذاتی مفاد کے لئے نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیراعظم سے مطالبہ کرتا ہوں وہ اسمبلی میں آئیں اور وضاحت کریں۔ پاکستان کے تحقیقاتی اداروں کو نواز شریف کے صاحبزادوں کے کاروبار کی تحقیقات کرنی چاہیے، تاکہ یہ بات منظر عام پر آسکے کہ ان کے ہندوستانی کاروباری شخصیات کے ساتھ کتنے کاروبار ہیں۔ اس سے قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پربدنام کیا ہے۔ نوازشریف چاہتے ہیں بین الاقوامی لابی انہیں این آر او دلوانے میں مدد کرے۔ممبئی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردی کے حملے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ تمام پاکستانی ممبئی حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رحمن ملک اور چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ہم نے ممبئی حملوں کے خلاف ٹرائل کی کوشش کی۔انہوں نے نوازشریف کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)ان کے حق میں صفائیاں دے رہی ہے جبکہ وہ خود اپنے موقف پرڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے بیان پر قائم ہیں۔عمران خان نے نواز شریف کے بیان کو میمو گیٹ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کا بیان میموگیٹ اسکینڈل کی مثل ہے۔ نیوز لیکس میں بھی یہ سب کچھ کہا گیا تھا۔ پانا مہ پیپرز آیا تو نوازشریف نے فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیئے۔ختم نبوت کے قانون میں خفیہ طور پر ترمیم کی گئی۔نیوز لیکس، ختم نبوت قانون ایک ہی کڑی نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کررہے ہیں کہ مجھے بچائے ۔
مزیدپڑھیں:نواز شریف پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے،مشرف
 

شیئر: