چینی لڑکی نے چلتی ٹیکسی میں ہوم ورک مکمل کرلیا
شانقیو، ہینان.... مقامی اخبار بیجنگ ٹائمز میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق ایک بچی نے والد کی ٹیکسی کی کھڑکی پر بیٹھ کر اور ٹیکسی کی چھت پر کاپی رکھ کر ہوم ورک کرتی نظر آئی اور وہ بھی اس وقت جب عینی شاہدین کے مطابق ٹیکسی چل رہی تھی۔ وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ اس بچی کو اس کے اس طرز عمل سے لاحق ہونے والے خطرات کا کوئی اندازہ نہیں تھا۔ یہ وڈیو اس وقت تیار ہوئی جبکہ لڑکی کا باپ جو خود ہی گاڑی ڈرائیو کررہا تھا ایک مسافر سے بات کررہا تھا اور اس نے یہ نہیں دیکھا کہ اس کی بیٹی نے کھڑکی پر بیٹھ کر اور چھت پر کاپی رکھ کر ہوم ورک کرنا شروع کردیا ہے۔واقعہ کی وڈیو اجراء کے فوری بعد وائرل ہوگئی اور حکام نے ٹیکسی کا لائسنس معطل کردیا ہے جبکہ اسکے مالک او رڈرائیور کے خلاف اضافی جرمانے بھی عائد ہوسکتے ہیں۔ بیجنگ ٹائمز کاکہناہے کہ وڈیو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ بچی کو ہوم ورک کرنے کی بیحد جلدی تھی مگر اس کا اس طرح کی حرکت کرنے کا کوئی اندازہ نہیں تھا یا تو وہ بیحد سیدھی یا بہت زیادہ بے وقوف تھی۔ لڑکی کو ایک امتحانی کاپی بھی حل کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ کمال کی بات یہ ہے کہ بڑے انہماک سے ہوم ورک کرنے والی اس لڑکی نے کھڑکی کی تنگ جگہ پر بیٹھتے ہوئے کوئی دشواری محسوس نہیں کی اور نہ ہی اپنا توازن خراب ہونے دیا۔ یہ ٹیکسی مقامی کمپنی ہواڈا کی تھی ۔باپ کا کہناہے کہ بیٹی کے کھڑکی پر چڑھنے کا اندازہ اسے بالکل نہیں ہوا مگر جاری ہونے والی وڈیو پر جو تبصرے ہوئے ہیں اس میں کسی نے اسکا موقف تسلیم نہیں کیا۔ ایک خاتون کا کہناہے کہ آخر کوئی باپ اپنی بیٹی کو اس طرح کی حرکت کرتے ہوئے کس طرح دیکھ سکتا ہے یا کس طرح اسکی حرکت کو نظر انداز کرسکتا ہے ۔