ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنا دیا،چیئرمین نیب
لاہور ... چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ جمہوریت کا بنیادی مقصد ہی عوام کی خدمت ہے ۔جب تک عوام کی خدمت نہیں ہو گی تو جمہوریت کی بقا بھی خطرے میں ہو گی ۔وہ ملک ترقی نہیں کر سکتے جو جمہوریت کے لبادے میں کرپشن کو فروغ دیں لیکن نیب کا یہ آخری فیصلہ ہے کہ اب کرپشن کو فروغ نہیں دینے دے گا ۔ نیب کی کوئی امتیازی پالیسی نہیں اس کے ذہن میں کوئی تعصب نہیں ۔70 سال بعد عوام میں بھی شعور پیدا ہو چکا ہے کہ غلط کیا ہے اور درست کیا ہے ۔ نیب لاہور میں ماڈل ہاوسنگ کے سیکڑوں متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ہم نے ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنا دیا ۔ 9ارب روپے کے فراڈ میں سے 4ارب روپے متاثرین کو واپس کئے ۔ڈبل شاہ کیس کے دوسرے ملزم کے ذمہ 1.9ارب روپےمیں سے 1.2ارب روپے کی رقم متاثرین کو واپس لوٹا دی ۔انہوں نے کہا کہ نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا ۔