سبیکا شیخ کو عید پر گھر آنا تھا
ٹیکساس... امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ شامل ہے۔ ہیوسٹن کے سانتا فی ہائی اسکول میں اسی اسکول طالب علم نے اندر گھس کراندھا دھند فائرنگ کردی۔ 10 افراد ہلاک اور17 زخمی ہوئے۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ۔ملزم نے حملے سے چند گھنٹے قبل ٹی شرٹ پہنی ہوئی تصویر شیئر کی تھی جس پر ” بورن ٹو کل“ کے الفاظ درج تھے۔ جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیزشیخ کا تعلق کراچی سے تھا ۔گزشتہ سال یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے ہوسٹن گئی تھی اور او لیول کی طالبہ تھی ۔سبیکا کے والد نے کہا کہ ان کی بیٹی کے چھوٹی عمرمیں ہی بڑے بڑے خواب تھے ۔ انتہائی ہونہا رطالبہ تھی ۔ ہمیشہ اسکول میں پوزیشن لاتی رہی ۔ سبیکا 3 بہنوں میں سب سے بڑی تھی ۔ اس کی 2 چھوٹی بہنیں اور ایک بھائی ہے ۔ اسے 9 جون کو عید پر گھرآنا تھا۔ سبیکا کی میت پاکستان منتقل کرنے کےلئے پاکستانی سفارت خانے نے کوششیں شروع کردیں۔ہوسٹن میں قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستانی طالبہ کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے ۔ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ امید ہے ایک دو دن میں کارروائی مکمل کرکے سبیکا کی میت روانہ کردی جائے گی ۔