تحریک انصاف میں دھڑے بندیوں کا خدشہ؟
لاہور ... تحریک انصاف کو نئے نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف میں دوسری جماعتوں سے آنے والے اراکین کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف کے پرانے اور دیرینہ کارکن شدید پریشانی کا شکار ہوگئے۔ ان رہنماوں نے دبے الفاظ میں قیادت کے فیصلے کی مخالفت شروع کر دی۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا عمران خان نے اپنے منشور سے ہٹ کر دوسروں جماعتوں کے انہی کرپٹ افراد کو شامل کرلیا جو اس سے پہلے بھی بدنامی کا باعث بنے ہیں۔ تحریک انصاف نے ن لیگ سمیت پیپلزپارٹی ،ق لیگ کے ایسے رہنماوں کو تحریک انصاف میں شامل کرلیا جن کی شمولیت پر عوامی حلقوں میں سخت تنقید کی جارہی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ آئندہ الیکشن کے حوالے سے ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران اگر تحریک انصاف کے پرانے اور دیرینہ کارکنوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دوسری جماعتوں سے آنے والے اراکین کو ٹکٹ دئیے تو پارٹی میں دھڑے بندیاں ہو سکتی ہیں۔ تحریک انصاف کے پرانے اور دیرینہ کارکن پارٹی بھی چھوڑ سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے ان ذرائع کا مزید کہا کہ تحریک انصاف میں جو لوگ بھی آ رہے ہیں وہ صرف اس شرط پر آرہے ہیں کہ ا نہیں پارٹی ٹکٹ دیا جائیگا۔ موجودہ صورتحال سے پارٹی کے پرانے اور دیرینہ کارکن سخت تذبذب کا شکار ہیں ۔