نواز شریف کو ملک دشمن انٹرویو کیلئے کس نے اکسایا؟
اسلام آباد..وزیر اعلی پنجاب اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے سینیئر رہنما سے بدتمیزی کے واقعہ پر سینیٹر آصف کرمانی کوپارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا ۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے فیصلہ کیا ہے کہ نوازشریف کو سرل المیڈا سے انٹرویو پر اکسانے والے سینیئر پارٹی رہنماوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ انتقام پارٹی سمیت پورے ملک سے لیا ہے۔ہ ہمارے کسی صورت دوست نہیں بن سکتے۔شہبازشریف کو آگاہ کیا گیا تھا کہ سرل المیڈا کو انٹرویو دینے کے حوالے سے مریم نواز کی ایما پر آصف کرمانی نے نوازشریف کو قائل کیا۔ نواز شریف کے بیانیہ کے بعد آصف کرمانی نے ایک سینئر رہنما سے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بدتمیزی کی تھی تاکہ سرل المیڈا انٹرویو والا معاملہ دب جائے۔ اس موقع پر آصف کرمانی نے کہا تھا کہ جب تک ایک ایک کرکے ان جیسے افراد کی سرزنش نہیں کی جائے گی یہ اس وقت تک میرے قائد نوازشریف کے خلاف باتیں کرتے رہیں گے اور میں تہیہ کر چکا ہوں کہ نوازشریف کے بیانیہ کی مخالفت کرنے والے پارٹی رہنماوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔ دریں اثناء شہبازشریف نے نوازشریف سے ملاقات کے دوران پارٹی کی اندرونی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا تو سابق وزیر اعظم نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دیا کہ میرا بیانیہ کسی کو اچھا لگے یا برا آئندہ الیکشن اسی بیانیہ پر ہوں گے اور میں ہر ضلع میں جاکر خصوصی جلسوں میں خطاب کروں گا۔