یارکشائر آنے والی ٹرین کہیں اور چلی گئی، مسافر انتظار کرتے رہے
لندن.... سفر سیاحت اور ٹرانسپورٹ کی دنیا میں اکثر یہ باتیں سننے میں آتی ہیں کہ کہیں کا سامان کہیں چلا گیا اور پھر یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ بہت سے فضائی مسافر جو کہیں اور جانے والے ہوتے ہیں کہیں اور پہنچ جاتے ہیں۔ اسی قسم کی ایک سنگین غلطی یارکشائر کے پونٹی فریٹ ریلوے اسٹیشن پر اسو قت دیکھنے میں آئی جب نیو کاسل سے ریڈنگ جانے والی ٹرین نے غلط پٹری بدلی اور کہیں سے کہیں اور چلی گئی اور ٹرین کے منتظر افراد اسٹیشن پر اسکا انتظار کرتے رہے۔ پریشاں حال مسافر وں میں سے بعض نے اس حوالے سے خبریں سوشل میڈیا پر جاری کرکے بتایا کہ ٹرین ڈرائیور بے خیالی میں کسی غلط جگہ چلا گیا ۔ شور ہنگامہ ہونے پر ریلوے حکام نے ٹرین کو اس غلط جگہ سے واپس لائے اور پھر اسے شیفلڈ بھیج دیا گیا جہاں اسکی آخری منزل تھی ۔ یہ ٹرین کراس کنٹری نامی فرم چلاتی ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ اس مضحکہ خیز واقعہ کی چھان بین کررہی ہے۔ اس ٹرین سے سفر کرنے والے افراد نیو کاسل سے ریڈنگ کا 300میل کا سفر چند گھنٹے میں مکمل کرنے والے تھے مگر ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے انہیں منزل تک پہنچنے میں اچھی خاصی تاخیرہوئی۔ ٹرین کے دوسری جگہ پہنچنے کی اطلاع جیسے ہی اسٹیشن پر پہنچی تو ٹرین کے انتظار میں کھڑے مسافرپریشان ہوگئے ۔ عورتوںاور بچوں کی پریشانی خاص طور پر قابل دید تھی۔ کچھ لوگوں کایہ بھی کہناہے کہ کافی دیر تک اسٹیشن کا عملہ یہ بھی پتہ نہیں چلا پایا کہ یہاں آنے والی ٹرین آخر کہاں گئی۔ واقعہ کی خبر اور اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو اجراء کے فوری بعد وائرل ہوگئی ہے۔ یارکشائر پوسٹ نے اطلاع دی ہے کہ شیفلڈ میں جن مسافروں کو اتارا گیا انہیں اپنی منزل پر پہنچنے کیلئے کسی اور ٹرین پر سوار کرایا گیا۔