Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناصر سعید کھوسہ ،پنجاب کے نگراں وزیر اعلی

لاہور ... وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے ملاقات کی ۔ باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے پنجاب کے نگران وزیر اعلی کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماوں نے ناصر سعید کھوسہ کا نگران وزیر اعلی کے طور پر اعلان کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعلی کے طور پر ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق رائے کیا ہے۔ پہلی ملاقات میں کچھ نام میں نے تجویز کئے اور کچھ نام میاں محمود الرشید صاحب نے تجویز کئے- دونوں نے بعد ازاں اپنی اپنی پارٹی لیڈر شپ سے بھی مشورہ کیا اور اتفاق رائے اورمشاورت کے بعد ایک نام پر متفق ہو گئے۔ یہی جمہوریت کا حسن اور اس کی فتح ہے - شہباز شریف نے کہا کہ سابق بیوروکریٹ ناصر سعید کھوسہ نے دوران سروس انتہائی دیانتداری اور محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داریا ں سرانجام دیں ۔ امید ہے کہ ان سے قوم کو جو توقعات وابستہ ہیں وہ ان پر پورا اتریں گے اور شفاف الیکشن کیلئے اپنا تجربہ اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے تا کہ صوبے میں سیاسی جماعتیں ہر طرح آزادانہ طور پر الیکشن میں حصہ لے سکیں اورسب کیلئے انتخابات میں مساوی مواقع ہوں ۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے دوسری ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہوئی ۔مختلف ناموں پر غور اور پی ٹی آئی رہنما عمران خان کے ساتھ مشورے کے بعد ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ان سے شفاف انتخابات کے بارے میں جو توقع وابستہ کی گئی ہے وہ غیر جانبداری کے ساتھ اپنا رول اسی طرح ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں:جسٹس ناصر الملک نگراں وزیر اعظم مقرر

شیئر: