بلوچستان اسمبلی ، انتخابات میں تاخیر کی قرارداد منظور
کوئٹہ ...بلوچستان اسمبلی نے صوبے میں انتخابات میں ایک ماہ کی تاخیر کی قرار داد منظور کرلی ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ارکان نے ایوان سے واک آوٹ کیا ۔صوبائی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بلوچستان اسمبلی میں انتخابات میںایک ماہ کی تاخیر کےلئے قرار داد پیش کی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے ۔ اس کی آبادی دور دراز علاقوں پر مشتمل ہے ۔ موجودہ اسمبلی کی مدت 31مئی کو مکمل ہو رہی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کےلئے 25جولائی مقرر کی ہے ۔جولائی میں عوام کی اکثریت فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلے میںجانا چاہتے ہیں ۔ اس طرح وہ اپنے حق رائے دہی سے محروم رہ جائینگے ۔ علاوہ ازیں بلوچستان میں جولائی میں مختلف اضلاع میں مون سون کی بارش ہوتی ہیں جس سے اکثر اضلاع میں سیلاب کی صورتحال ہوتی ہے ۔ لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں جسکی بنا وہ بھی اس وقت اپنے حق رائے دہی سے محروم رہ جائینگے ۔ گرمی کے باعث بھی ٹرن آﺅٹ کم رہے گا ۔ یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کر ے کہ آئندہ آنےوالے عام انتخابات کے انعقاد میں اےک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اگست 2018ءکے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرائے تاکہ صوبہ کے عوام حق رائے دہی کے اس عمل میں مکمل حصہ لے سکیں جو کہ انکا آئینی حق ہے ۔