جامعہ نظامیہ کمپلیکس میں عالمی روحانی قرآنی مہم کا آغاز
حیدرآباد- - - -عالمی روحانی قرآنی مہم کا میڈیا پلس آڈیٹوریم جامعہ نظامیہ کمپلیکس ‘ گن فائونڈری حیدرآباد سے آغاز ہوا جہاں مولاناپیر شبیر نقشبندی کی زیر نگرانی جامعہ ازہر مصر کے استاد القراء الشیخ سامع احمد زین اور باگلپور کرناٹک کے جواں سال قاری سمیع اللہ خاں نے مختلف الحان قرأت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولاناپیر شبیر نقشبندی نے بتایا کہ مصری مہمان قراء کے ذریعہ قرآنی مہم کا 1990ء سے آغاز کیا گیا اور متحدہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں مہمان قراء سرکاری مہمان ہوا کرتے ہیں۔ یہ قراء ہندوستان کے مختلف شہروں میں فن قرأت کا مظاہرہ کرتے اور امن و امان کی دعا کرتے ہیںچنانچہ 31مئی کو کشمیر میں ایک زبردست اجتماع میں کشمیرکی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی دعوت پر مہمان قراء فن قرأت کا مظاہرہ کریںگے۔ دوسرے دن بعد نماز جمعہ امن و اتحاد کیلئے دعا ہوگی۔ مولاناپیر شبیر نقشبندی نے بتایا کہ وزیر اعظم ہند نے قرآنی مہم کے ذریعہ امن، اتحاد، بھائی چارگی کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کی پیشکش کی۔ پیر شبیر نقشبندی کی قیادت میں مہمان قراء وزیر خارجہ مسز سشما سوراج سے ملاقات کریںگے۔ شبیر نقشبندی نے قرآنی تعلیمات کو دیگر ابنائے وطن تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مختلف زبانوں میں تراجم کے ذریعہ آپسی غلط فہمیاں دور کی جاسکتی ہیں۔