فاروق بندیال کو تحریک انصاف سے کیوں نکالا گیا؟
اسلام آباد... تحریک انصاف نے مجرمانہ ریکارڈ کے حامل فاروق بندیال کو پارٹی میں شامل ہونے کے فوری بعد ہی نکال دیا۔فاروق بندیال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات کی تصویر سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کی قیادت کو شدید تنقید بنایا گیا ۔ٹوئٹر پر صارفین نے بتایا کہ فاروق بندیال ماضی کی معروف اداکارہ شبنم کے گھر ڈکیتی اور زیادتی کے وا قعہ میں ملوث تھا۔1979 میں فوجی عدالت نے اداکارہ شبنم کے گھر ڈکیتی کے جرم میں فاروق بندیال سمیت 5 مجرمان کو سزائے موت سنائی تھی جو بعد میں تبدیل کردی گئی۔تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے ٹویٹر پر بیان میں کہاکہ عمران خان نے فاروق بندیال سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیا ۔تحریک انصاف کسی صورت اخلاقی معیارات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔بعد ازاں ایک ٹوئٹ میں نعیم الحق نے اعلان کیا کہ فاروق بندیال کو فوری طور پر پارٹی سے نکال دیا گیا ۔انہوں نے فاروق بندیال کی پارٹی میں شمولیت کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں مجرمانہ ریکارڈ کے حامل لوگوں کی کوئی جگہ نہیں۔فاروق بندیال کو کسی اور سیاسی جماعت میں بھی نہیں ہونا چاہیے۔ دریں اثناءاداکارہ شبنم نے فاروق بندیال کو پارٹی سے نکا لے جانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ زیادتی کے ایک مجرم کو پارٹی سے نکالنے پر عمران خان کے عمل کو سراہتی ہوں۔ ساتھ ہی میں پاکستانی عوام کی بھی مشکور ہوں جو ایک مجرم کے خلاف کھڑے ہوئے، جیتے رہیں۔