انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی،الیکشن کمیشن
اسلام آباد... الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی اور نئی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دینے سے متعلق لاہور اور بلوچستان ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے کاغذاتِ نامزدگی فارم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نئے کاغذات نامزدگی تیار کرنے کا حکم دیاتھا۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے صوبائی دارالحکومت کی نئی حلقہ بندیوں کو کالعدم قراردیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو فوری طور پر نئی حلقہ بندیاں کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس میںعدالتی فیصلوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری نے کہا کہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہو نگے،تاخیر کا خدشہ نہیں۔ الیکشن کمیشن نے لاہوراور بلوچستان کورٹ کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ جانے کافیصلہ کیا ہے۔ ریٹرننگ افسران کو 3 اور 4 جون تک کاغذات نامزدگی وصول نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔