ریحام خان کو کون دھمکیاں دے رہا ہے؟
اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اداکار اور اینکر پرسن حمزہ علی عباسی پر دھمکیا ں دینے کا الزام لگایا ہے۔ ریحام خان نے دعوی کیا کہ حمزہ عباسی مجھے اگست 2017 سے دھمکی آمیز ای میلز کررہا ہے اور بدمعاش لوگ مجھے خاموش کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ریحام خان نے حمزہ علی عباسی کی ایک ای میل کا اسکرین شاٹ بھی ٹوئٹ کیا جس میں وہ مبینہ طور پر ریحام خان کو پی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی اقدام سے باز رہنے کے لئے متنبہ کررہے ہیں۔واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی نے ایک ٹوئٹ میں دعوی کیا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کا مسودہ پڑھا ہے جس کا لب لباب یہ ہے کہ عمران خان دنیا کا سب سے برا شخص، ریحام خان سب سے متقی خاتون اور شہباز شریف سب سے اچھے انسان ہیں۔ریحام خان نے حمزہ عباسی کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے سوال کیا کہ کتاب شائع ہونے سے پہلے ہی اس کا مسودہ کیسے پڑھ لیا۔ یقینا انہوں نے یا تو کوئی فراڈ کیا یا پھر چور ی کی ہے۔ریحام خان نے ایک اور ٹوئٹ میںلکھا کہ سوشل میڈیا پر کتاب کو پرموٹ کرنے والوں کی بے حد ممنون ہوں ۔ سوشل میڈیا مافیا مفت میں میری کتاب کی تشہیر کر رہی ہے ۔ بہت بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔