’’دوست کام شروع کرو ورنہ تیجسوی تیار ہے‘‘،شتروگھن
نئی دہلی۔۔۔۔بی جے پی رہنما شتروگھن سنہا نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ قومی جمہوری اتحاد( این ڈی اے ) میں شامل میرے دوست! بہار کیلئے کچھ کام کرنا شروع کردو،نہیں تو ارجن یعنی تیجسوی یادو آپ کی جگہ لینے کیلئے تیار ہے۔ تیجسوی یادوکا چیلنج اب بہار میں ہر سو گونج رہا ہے۔اس سے قبل بی جے پی رہنما شتروگھن سنہا نے بہار کیلئے خصوصی درجے کے مطالبے کو بکواس اور عام انتخابات سے پہلے اسے مگرمچھ کے آنسوسے تعبیر کیا تھا۔ سنہا پٹنہ صاحب سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ہیں ۔ انہوں نے اِن خیالات کا اظہار جنتادل یو کے سربراہ اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حالیہ تبصرہ کے پس منظر میں کیا جس میں نتیش نے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ان کے مطالبے کی حمایت نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی رہنما سوشیل کمار مودی اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے بھی کی تھی۔